ٹیک برآمدات میں 21 فیصد اضافہ، نصف سے زائد امریکا کو جا رہی ہیں، عالمی کمپنیاں پاکستان کا رخ کر رہی ہیں، شزہ فاطمہ خواجہ

ٹیک برآمدات میں 21 فیصد اضافہ، نصف سے زائد امریکا کو جا رہی ہیں، عالمی کمپنیاں پاکستان کا رخ کر رہی ہیں، شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے نے حالیہ برسوں میں غیر معمولی ترقی کی ہے اور ملکی ٹیک برآمدات میں سالانہ 20 سے 21 فیصد کی شرح سے مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس میں سے 50 فیصد سے زائد برآمدات براہ راست ریاستہائے متحدہ امریکا کو کی جا رہی ہیں جس کے باعث امریکا ہماری ٹیک کمیونٹی کا مضبوط ترین شراکت دار بن کر ابھرا ہے۔

وہ پیر کو یونائیٹڈ سٹیٹس ایجوکیشنل فائونڈیشن ان پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ ’’انوویشن ہائیو ربن کٹنگ سرمنی‘‘ میں بطور مہمان خصوصی کلیدی خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں امریکی ناظم الامور (چارج ڈی افیئرز) نتالی بیکر اور دیگر سفارتی و تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بڑی بین الاقوامی ٹیک کمپنیوں کی فزیکل موجودگی میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ برس گوگل نے کروم بک اسمبلی لائن جبکہ رواں برس باضابطہ دفتر کا افتتاح کیا، ایپل نے پاکستان کے لیے پہلے ہیڈ آف گورنمنٹ افیئرز کو ملک میں تعینات کیا اور امریکی ایکسلریٹر ’پلگ اینڈ پلے‘ بھی ملکی ٹیک ایکو سسٹم کا حصہ بن چکا ہے جو باصلاحیت نوجوانوں اور ملکی مارکیٹ پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت آئی ٹی کے ادارے ’اگنائٹ‘ کے ذریعے سٹارٹ اپس کی سرپرستی جاری ہے اور اب ’پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ‘ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے لیے حکومت نے 10 ملین ڈالر کی ابتدائی سیڈ گرانٹ مختص کی ہے جبکہ ورلڈ بینک اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے بڑا اینکر فنڈ تشکیل دیا جا رہا ہے۔

عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے اس فنڈ کا انتظام حکومت کے بجائے گلوبل فنڈ مینجرز سنبھالیں گے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 8 نیشنل انکیوبیشن سینٹرز فعال ہیں جن میں خواتین انٹرپرینیورز کے لیے قائم خصوصی سینٹر بھی شامل ہے۔شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے سالانہ 25 سے 30 لاکھ روزگار کے مواقع درکار ہیں جس کا بہترین حل انٹرپرینیورشپ کا فروغ ہے۔ ’’انوویشن ہائیو‘‘ جیسا منصوبہ نوجوانوں کو ورکنگ سپیس کے ساتھ رہنمائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، آئی ٹی اور ٹیلی کام کو ملکی معیشت، گورننس، صحت اور زراعت سمیت تمام شعبوں کی ترقی کی بنیاد بنا دیا گیا ہے۔

مزید خبریں