راولپنڈی کچہری میں چوہدری زمرد حسین بلاک کا افتتاح، نوجوان وکلا کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے پر زور

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی کچہری میں نئے تعمیر شدہ چوہدری زمرد حسین بلاک کا افتتاح کر دیا

راولپنڈی۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی کچہری میں نئے تعمیر شدہ چوہدری زمرد حسین بلاک کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوان وکلا کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ نوجوان وکلا کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ آئی ٹی سینٹر اور دیگر جدید سہولت مراکز انہیں مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور اپنی قانونی خدمات کو بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے والے وکلاء قانونی امور کی انجام دہی میں زیادہ مؤثر انداز میں خدمات سرانجام دے سکیں گے۔ وکلا ءکو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا مقصد انہیں بدلتے ہوئے پیشہ ورانہ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی شعبے میں ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ جدید بار مینجمنٹ سسٹم کے اجرا ءسے بار کے انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور وکلا کو سہولیات کی فراہمی مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے چوہدری زمرد حسین بلاک کو راولپنڈی کچہری کے انفراسٹرکچر میں اہم اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے بلاک سے وکلا ءاور مقدمات کے فریقین کو بہتر کام کرنے کا ماحول میسر آئے گا۔ تقریب میں راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے صدر طارق محمود ساجد اعوان، نائب صدر شازیہ ہاشمی، جنرل سیکرٹری قمر الحق نیازی، جوائنٹ سیکرٹری احسن منجھ، سابق صدر راجہ ناصر، شاہد سواتی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ملک اسرار، ڈاکٹر ارشد ایڈووکیٹ، طیب پکھرال ایڈووکیٹ، راجہ شفیق ایڈووکیٹ اور ندیم اختر بھٹی ایڈووکیٹ سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں