خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو ہمدردی نہیں، مواقع اور برابر کی شمولیت درکار ہے، رمیش کمار وانکوانی

خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو ہمدردی نہیں، مواقع اور برابر کی شمولیت درکار ہے، رمیش کمار وانکوانی

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کیلئے منعقد کیے گئے کھیلوں کے مقابلے محض ایک سپورٹس سرگرمی نہیں بلکہ معاشرے کو یہ پیغام دینے کی ایک کوشش تھے کہ جسمانی یا ذہنی مشکلات کسی بچے کی صلاحیتوں، خوابوں اور خوشیوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریم نگر دی لینڈ آف لو کی جانب سے منعقدہ خصوصی بچوں کے سپورٹس مقابلوں کے فاتحین اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کرنے کیلئے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں میڈلز، ٹرافیاں، اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پرخصوصی بچے، ان کے والدین، اساتذہ، کوچز، خصوصی تعلیم کے اداروں، سماجی تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی کے مطابق تقریب کا مقصد خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو سراہنے کے ساتھ معاشرے میں برابری، عزت، مواقع اور شمولیت کے پیغام کو اجاگر کرنا تھا۔

پریم نگر کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے سپورٹس کمپلیکس میں حالیہ منعقدہ خصوصی کھیلوں کے مقابلے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مقابلوں میں مختلف خصوصی تعلیمی اداروں اور مراکز سے 300 سے زائد خصوصی بچوں نے شرکت کی، سپیشل بچوں کے جوش، مسکراہٹ اور کھیل کے میدان میں ان کے اعتماد نے ثابت کیا کہ انہیں صرف ہمدردی نہیں بلکہ مواقع، حوصلہ افزائی اور برابر کی شمولیت درکار ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ پریم نگر کا بنیادی فلسفہ بھی یہی ہے کہ خدمت انسانیت میں کسی مذہب، ذات، زبان، علاقے یا سماجی حیثیت کی بنیاد پر کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے، خصوصی بچوں کیلئے کھیلوں کا انعقاد اسی سوچ کا عملی اظہار ہے۔

انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سپیشل ایجوکیشن اسلام آباد، خصوصی تعلیمی اداروں، اساتذہ، کوچز، والدین، رضاکاروں اور تمام معاون اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون کے بغیر یہ سرگرمی ممکن نہ تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انعام جیتنے والے بچے یقیناً قابل مبارکباد ہیں، لیکن حقیقت میں اس مقابلے میں شریک ہونے والا ہر بچہ فاتح ہے۔

سپیشل اسپورٹس نے ان بچوں کو مقابلے، دوستی، خود اعتمادی اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ پریم نگر مستقبل میں بھی خصوصی بچوں، یتیم بچوں، بزرگ شہریوں اور دیگر محروم طبقات کے لیے تعلیم، صحت، کھیل، بحالی اور ہنرمندی کے شعبوں میں سرگرمیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جہاں کسی بچے کو اپنی محرومی کی وجہ سے پیچھے نہ رہنا پڑے، خصوصی بچوں کی مسکراہٹ ہی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔