پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 38 ویں سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں پروقار تقریب کا انعقاد
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 38 ویں سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں پروقار تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 38 ویں سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے مرکزی رہنمائوں، عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان، انچارج مرکزی سیکرٹریٹ سید سبط الحیدر بخاری، پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی سمیت پارٹی رہنمائوں، عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔
تقریب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی درازی عمر، صحت اور کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کی نئی نسل کی قیادت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت، آئین، پارلیمان اور عوام کے حقوق کے لیے موثر آواز بلند کی ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔محمد ہمایوں خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جمہوری، آئینی اور عوامی سیاست کے تسلسل کے لیے پرعزم ہیں۔سید سبط الحیدر بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سیاسی ورثے کو آگے بڑھا رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکنان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی سالگرہ پارٹی کارکنان کے لیے خوشی کا دن ہے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوان نسل کی امید اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کی آواز ہیں۔
انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے شرکا نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی جدوجہد اور جمہوریت کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان عوامی حقوق، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صحت، سلامتی، درازی عمر اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔








