امریکہ کی جانب سے باہمی خوشحالی کے فروغ میں پاکستانی کاروباری افراد کی معاونت  کیلئے انوویشن ہائیو کا افتتاح

امریکہ کی جانب سے باہمی خوشحالی کے فروغ میں پاکستانی کاروباری افراد کی معاونت  کیلئے انوویشن ہائیو کا افتتاح

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی)نے یہاں”انوویشن ہائیو” کے نام سے ایک  نئی سہولت کا افتتاح کیا جسے کاروباری خیالات کو دیرپا کامیابی میں تبدیل کرنے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ انوویشن ہائیو پاکستان کے ابھرتے ہوئے کاروباری افراد کو امریکی مہارت، ٹیکنالوجی اور نیٹ ورکس تک براہِ راست رسائی فراہم کرتا ہے جس سے ایک ایسی بنیاد تشکیل پاتی ہے جہاں جدید اور تخلیقی خیالات جنم لے کرایسی کامیاب کمپنیوں کی شکل اختیارکرسکیں جن سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے۔

پیر کو جاری بیان کے مطابق ناظم الامور(سی ڈی اے) نیٹلی بیکر اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ نے افتتاحی تقریب میں فیتہ  کاٹ کر اس منصوبے کا آغاز کیا جو امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعاون کی سمت ایک اہم پیشرفت ہے۔نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان میں صلاحیتوں کے حامل افراد کی کوئی کمی نہیں، ضرورت بس ایسی سہولیات کی فراہمی کی ہے جہاں پر مواقع ان صلاحیتوں کو تلاش کر سکیں۔ انوویشن ہائیو کا قیام بھی اسی لئے کیا گیا ہے۔

یہ شراکت داری امریکی صدر ڈونلڈ صدر ٹرمپ کے اس نصب العین کی عکاسی کرتی ہے کہ بیرون ملک امریکہ کے تعلقات تجارت میں مزید توسیع، سرمایہ کاری میں مزید اضافہ اور دونوں ممالک کی مزید خوشحالی کے عملی نتائج  کے حامل ہوں۔ انوویشن ہائیو اپنے قیام کے پہلے ہی سال میں اڑھائی سو امریکی تربیت کاروں کو ہر سطح پر انٹرپرینوئرز سے جوڑے گا جبکہ امریکی حکومت پاکستانی کاروباری افراد کی معاونت کے لئے سرمایہ کاری بھی کرے گی۔ کئی دہائیوں سے یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان نے پاکستانی طالب علموں کے لئے امریکہ میں حُصول تعلیم کے دروازے کھولے ہیں اور آج یو ایس ایف پی ایک نیا دروازہ کھول رہی ہے جو پاکستان کے کاروباری افراد کو اپنا مستقبل  تعمیر کرنے کا موقع دے گا۔

اس منصوبے کا آغازپاک-امریکہ  تعلقات کے حوالے سے ایک وسیع تر حقیقت کی عکاسی  کرتا ہے جب امریکی مہارت اور پاکستانی صلاحیت مل جائیں تو دونوں ممالک کی جیت ہوتی ہے۔ یہ انوویشن ہائیو ہرماہ ”لنک اور لیڈز” کے عنوان سے نشستوں کا انعقاد کرے گا جو کاروباری افراد کو اُن کے اساتذہ اورہم عصروں کے ساتھ مل کر ایسے تعلقات استوار کرنے میں مدد دے گا جو حقیقی ترقی کو  مہمیز دیتے ہیں۔ پاکستانی سٹارٹ اپس کو اپنی مصنوعات اور آئیڈیاز کو وسیع تر سامعین کے سامنے پیش کرنے کے لئے باقاعدہ  ڈیمو ڈے ہوں گے۔عملی کاروباری مہارتوں کو فروغ دینے کیلئے آن لائن سرٹیفکیٹ پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے جو ان کاروباروں کے بانیوں کو مسابقت اور جیتنےکےلئے درکار ہیں۔

مزید خبریں