بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور اے آئی پی ایس کے درمیان مشترکہ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور اے آئی پی ایس کے درمیان مشترکہ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور امریکن انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز (اے آئی پی ایس) کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی، علمی تبادلے اور مشترکہ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا کہ یونیورسٹی پاکستان اور بیرون ملک مختلف تعلیمی و تحقیقی اداروں کے ساتھ بامعنی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے روابط سے طلبہ، اساتذہ اور محققین کو باہمی علمی تبادلے اور وسیع تر تعلیمی تجربات سے استفادہ کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشت کی اصل اہمیت اس پر موثر عملدرآمد اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مواقع میں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اے آئی پی ایس کے ساتھ یہ تعاون اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی، مشترکہ تحقیق، علمی تبادلے، لیکچرز، سیمینارز اور امریکہ کے تعلیمی اداروں و ماہرین کے ساتھ روابط کے ذریعے عملی نتائج کا باعث بنے گا۔ اے آئی پی ایس کی کنٹری ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عالیہ سہیل نے مفاہمت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ہمیشہ ان کے لیے ایک قابل قدر علمی مرکز رہی ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مفاہمت کی یادداشت کے تحت قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس سے قبل بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے دفتر برائے روابط کی ڈائریکٹر ڈاکٹر اسماء منصور نے مفاہمت کی یادداشت کے اہم نکات اور باہمی تعاون کے شعبوں پر بریفنگ دی، جبکہ شعبہ انگریزی کی پروفیسر ڈاکٹر منازہ یعقوب نے معاہدے کی علمی اہمیت اور مستقبل میں تعاون کے ممکنہ شعبوں پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں فیکلٹی آف لینگویجز اینڈ لٹریچر کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ، شعبہ انگریزی کی چیئرپرسن ڈاکٹر صائمہ اسلم، ڈاکٹر محمد شیراز، اے آئی پی ایس کے نمائندگان، فیکلٹی ارکان اور یونیورسٹی کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے مطابق یہ اقدام اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف، بالخصوص معیاری تعلیم اور اہداف کے حصول کے لیے شراکت داری سے متعلق اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے، جس کے ذریعے تعلیمی استعداد میں اضافہ، علمی تبادلے، تحقیقی تعاون اور بین الاقوامی ادارہ جاتی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

مزید خبریں