سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیئر حسین بخاری کی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد

سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیئر حسین بخاری نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیئر حسین بخاری نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی امید اور روشن مستقبل کی علامت ہیں، وہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فکر و فلسفہ، عوامیت، جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے اصولوں پر کاربند ہیں۔پیر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر جاری اپنے بیان میں سید نیئر حسین بخاری نے صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری سمیت پورے بھٹو خاندان کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوامی، آئینی، معاشی اور انسانی حقوق کی ایک موثر آواز ہیں، بحیثیت وزیر خارجہ انہوں نے ملک کے لیے اہم اور نمایاں خدمات انجام دیں اور پاکستان کا موقف موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی و سیاسی معاملات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مفاہمت، مکالمے اور سیاسی رواداری پر مبنی کردار قابل ذکر ہے۔سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے آئین، پارلیمان اور جمہوریت کے علم کو سربلند رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی نفاق اور انتشار کی سیاست کے مقابلے میں قومی اتحاد، اتفاق، جمہوری استحکام اور عوامی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صحت، سلامتی، درازی عمر اور کامیابیوں و کامرانیوں کے لیے دعاگو ہیں۔