پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم امن پیر کو امن، عدم تشدد اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے عالمی عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم امن منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم امن پیر کو امن، عدم تشدد اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے عالمی عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا۔ رواں سال عالمی دن کا موضوع (تھیم)’’امن میں سرمایہ کاری: ہر کسی کے لیے، ہر جگہ، ہر روز‘‘ منتخب کیا گیا ہے جو تنازعات کی روک تھام اور سفارت کاری، بات چیت، انسانی حقوق اور پائیدار ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے مزید کوششوں پر زور دیتا ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے 1981ء میں امن کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ 2001ء میں اقوام متحدہ نے 21 ستمبر کو عدم تشدد اور عالمی سطح پر جنگ بندی کے دن کے طور پر نامزد کیا۔
یہ دن دنیا بھر میں امن سے متعلق سرگرمیوں، آگاہی مہمات اور سماجی اقدامات کے ذریعے منایا جاتا ہے جن میں رواداری، تعاون اور انسانی وقار کے احترام کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔اقوام متحدہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پائیدار امن کے لیے پرامن معاشروں میں مسلسل سرمایہ کاری ، حکومتوں، بین الاقوامی تنظیموں، سول سوسائٹی اور افراد کی جانب سے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔ عالمی یوم امن کی مناسبت سے سرکاری، غیر سرکاری ، نجی اور رفاعی اداروں کے زیر اہتمام مختلف پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔








