ضلعی انتظامیہ اسلام آبادکی انسدادِ گداگری مہم کے تحت مختلف علاقوں میں کارروائیاں ،53 پیشہ ور بھکاری گرفتار

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں انسدادِ گداگری مہم کے تحت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 53 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں انسدادِ گداگری مہم کے تحت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 53 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کرلیا ۔اسلام آباد انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق جی نائن، آئی ایٹ اور ایف ایٹ سیکٹرز میں اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا کی زیر نگرانی کارروائی کےدوران 20 جبکہ بلیو ایریا میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی زیر قیادت کارروائی میں 33 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار افراد کو حراست میں لینے کے بعد جیل منتقل کردیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیشہ ور گداگری کے خاتمے کے لئے انسدادِ گداگری مہم ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایات پر جاری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز اور فیلڈ ٹیمیں شہر کے مختلف سیکٹرز اورتجارتی علاقوں میں باقاعدگی سے کارروائیاں کررہی ہیں۔متعلقہ افسران کو پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پرکارروائیاں جاری رکھنے اور ان علاقوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں گداگری کی سرگرمیوں کیاطلاعات موصول ہوتی ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں انسدادِ گداگری مہم جاری رہے گی تاکہ پیشہ وربھکاریوں کی روک تھام اور شہر میں عوامی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جاسکے۔

 

مزید خبریں