نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر فرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور جین نوئل بیروٹ سے ملاقات کی
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی فرانسیسی وزیرخارجہ جین نوئل بیروٹ سے ملاقات، علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد/نیویارک۔21ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر فرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور جین نوئل بیروٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فلسطین کے مسئلہ کے دو ریاستی حل کے لیے فرانس کی کوششوں کو سراہا جن میں اسرائیلی بستیوں سے اشیاء کی درآمدات محدود کرنے کا فرانس کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کا مسئلہ عالمی ایجنڈے میں بدستور اعلیٰ ترجیح پر رہنا چاہیے۔
دونوں رہنمائوں نے مسئلہ کے منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کے لیے مسلسل عالمی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ایران کی صورتحال کے حوالے سے دونوں جانب سے بحران سے نمٹنے کے لیے مسلسل سفارتی روابط اور علاقائی کوششوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے وسیع تر اقتصادی اثرات کے پیش نظر بحری آمدورفت کی سلامتی ، آزادانہ روانی اور توانائی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔فرانسیسی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا جبکہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی فورمز سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔








