پاکستان اور مصر کے وزراء خارجہ کادونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ ،مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

پاکستان اور مصر کے وزراء خارجہ کادونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ ،مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

نیویارک ۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور مصر کے وزراء خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت و سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، تعلیم، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیاہے۔پیر کو وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے81ویں اجلاس کے موقع پر مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور تجارت و سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، تعلیم، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور ایران کی موجودہ صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے تمام فریقین کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں جانب سے ریجنل فور فریم ورک کے تحت مسلسل مشاورت کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا گیا اور مشترکہ مفادات کے امور پر رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل بین الاقوامی تعاون اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں