اینٹی نارکاٹکس فورس (اے این ایف)نے ملک کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر خفیہ معلومات پر مبنی 12 کامیاب کارروائیوں کے دوران خلیجی ممالک کو منشیات سمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دیں
اے این ایف کی ہوائی اڈوں پر کارروائیاں، خلیجی ممالک کو منشیات سمگل کرنے کی 12 کوششیں ناکام، 18 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکاٹکس فورس (اے این ایف)نے ملک کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر خفیہ معلومات پر مبنی 12 کامیاب کارروائیوں کے دوران خلیجی ممالک کو منشیات سمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دیں،سخت نگرانی اور انسدادِ منشیات کے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین جانے والے 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 46.936 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ منشیات میں 37.654 کلوگرام میتھ مفیٹامائن (آئس)، 2.500 کلوگرام ہیروئن اور 6.762 کلوگرام ایکسٹیسی گولیاں شامل ہیں جنہیں بیرونِ ملک سمگل کیا جا رہا تھا۔گرفتار ملزمان میں سے بیشتر افراد عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ منشیات سمگلنگ میں ملوث مجرمانہ عناصر معصوم شہریوں کو مفت عمرہ پیکیجز کا جھانسہ دے کر پھنساتے اور انہیں منشیات کی غیر قانونی ترسیل کے لیے بطور کیریئر استعمال کرتے ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ اینٹی نارکاٹکس فورس سمگلنگ کے خلاف انفورسمنٹ آپریشنز کے ساتھ ساتھ مسافروں، نوجوانوں اور عام شہریوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے مہم بھی چلا رہی ہے، شہری سفر کے دوران کسی بھی اجنبی شخص کا سامان، پارسل یا کوئی بھی نامعلوم شے لینے سے گریز کریں کیونکہ یہ عمل سنگین قانونی نتائج کا باعث بن سکتا ہے،اے این ایف خلیجی ممالک کو منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لیے مربوط اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان نے اعادہ کیا کہ خفیہ معلومات پر مبنی کارروائیوں، ہوائی اڈوں پر سخت مانیٹرنگ، متعلقہ اداروں سے قریبی تعاون اور عوامی آگاہی کے ذریعے بین الاقوامی ڈرگ مافیا کا گھیراؤ ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔







