ایس آئی ایف سی کا ڈیجیٹل نظام، سرمایہ کاری سہولت کاری میں نئی پیش رفت

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے سرمایہ کاروں کو مزید مؤثر، مربوط اور سہل سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹکٹنگ ہب کے ذریعے سرمایہ کاری سہولت کاری کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے سرمایہ کاروں کو مزید مؤثر، مربوط اور سہل سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹکٹنگ ہب کے ذریعے سرمایہ کاری سہولت کاری کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔ایس آ ئی ایف سی کی جانب جاری بیان کے مطابق ٹکٹنگ ہب ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے سرمایہ کار اپنے سوالات اور درخواستیں درج کرا سکتے ہیں، ان کی پیش رفت کا جائزہ لے سکتے ہیں اور متعلقہ معاملات کی صورتحال سے باخبر رہ سکتے ہیں۔ یہ نظام سرمایہ کاری سے متعلق درخواستوں کی منظم وصولی، متعلقہ اداروں تک ترسیل اور مؤثر پیروی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ایس آئی ایف سی کے اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرمایہ کاروں اور متعلقہ حکومتی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو زیادہ منظم بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ درخواستوں کو ایک مربوط طریقہ کار کے تحت آگے بڑھانے سے مختلف مراحل پر معاملات کی نگرانی اور پیروی میں سہولت حاصل ہوتی ہے۔ٹکٹنگ ہب ایس آئی ایف سی کے سرمایہ کار دوست سہولت کاری کے وسیع تر نظام کا حصہ ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاروں کے لیے حکومتی اداروں سے رابطے کے عمل کو آسان بنانا اور سرمایہ کاری سے متعلق درخواستوں کو مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز تک پہنچانا ہے۔ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے درخواستوں کی پیش رفت کو منظم انداز میں مانیٹر کرنے کی سہولت سرمایہ کاروں کو اپنے معاملات کی صورتحال سے آگاہ رہنے میں مدد دیتی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو بھی بہتر بناتی ہے۔ایس آئی ایف سی ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے سرمایہ کاری سہولت کاری کے نظام کو مزید مربوط اور قابلِ رسائی بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔ ٹکٹنگ ہب اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے جو سرمایہ کاروں کی درخواستوں کے منظم اندراج، پیروی اور رابطہ کاری کے لیے ایک مرکزی نظام فراہم کرتا ہے۔یہ اقدام ایس آئی ایف سی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ سرمایہ کاروں کو مؤثر، مربوط اور منظم سہولت کاری فراہم کی جائے اور سرمایہ کاری سے متعلق معاملات کو جدید ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے زیادہ سہل بنایا جائے۔