وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نےآسان ٹیکس سکیم کے ذریعے تاجروں کے مطالبے پر عمل کرکے اپنا وعدہ پورا کیاہے اور اب دکانداروں نے اپنی ہی تیار کردہ سکیم کو کامیاب بنانا ہے
حکومت نے آسان ٹیکس سکیم کے ذریعے تاجروں کے مطالبے پر عمل کر کے اپنا وعدہ پورا کیا،وزیرمملکت خزانہ و ریلوے

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے آسان ٹیکس سکیم کے ذریعے تاجروں کے مطالبے پر عمل کرکے اپنا وعدہ پورا کیا ہے اور اب دکانداروں نے اپنی ہی تیار کردہ سکیم کو کامیاب بنانا ہے۔انہوں نے یہ بات دکانداروں کے لئے آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آسان ٹیکس سکیم کے سلسلے میں آگاہی مہم تیز کرنے، ملک بھر میں ٹیکس کمشنرز کو مقامی ٹیکس بارز سے رابطوں کی ہدایت جبکہ دکانداروں کی جانب سے اپنے اعتماد کے وکلا سے فارم بھرنے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کوبتایاگیاکہ تاجر رہنمائوں کی جانب سے ایف بی آر افسران اور تاجر نمائندوں کے بازاروں کے مشترکہ دوروں کے حوالے سے مقامی تاجر نمائندوں کی فہرستیں مل گئی ہیں۔ وزیرمملکت نے کہاکہ تاجر نمائندوں کی مدد سے ہر دکاندار تک آسان ٹیکس سکیم کی معلومات پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مطالبے پر عمل کرکے حکومت نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے اور اب دکانداروں نے اپنی ہی تیار کردہ سکیم کو کامیاب بنانا ہے۔اجلاس میں تاجر نمائندوں اور ایف بی آر افسران نے مل کر اپنے متعلقہ علاقے کے بازاروں میں رجسٹریشن کی حکمت عملی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ممبر سٹرٹیجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر اِن لینڈ ریونیوآپریشنز زبیر بلال اور ایف بی آر کے اعلی حکام کے علاوہ ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعےشرکت کی۔ اجلاس کوبتایاگیا کہ دکانداروں کے پاس آسان ٹیکس سکیم اور پرانے طریقے سے ٹیکس جمع کرانے کے دونوں آپشن موجود ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تاجروں نمائندوں سے طے پانے والے نکات کے تحت ایف بی آر کے پاس دونوں آپشن استعمال نہ کرنے والے دکانداروں پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار موجود ہے، آسان ٹیکس سکیم کے تحت دونوں آپشنز استعمال نہ کرنے والے دکاندار پر پہلے مہینے میں 10 ہزار، دوسرے میں25 اور تیسرے مہینے میں 50 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، دکاندار ٹرن اوور کی بنیاد پر فکسڈ ٹیکس ادا کریں گے یا معمول کا گوشوارہ جمع کرائیں گے۔واضح رہے کہ 15 ستمبر کو وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے آسان ٹیکس سکیم میں رجسٹر ہونے والے دکاندار کی دکان پر سبز پلیٹ لگائی تھی، آسان ٹیکس سکیم کا حصہ بننے والے دکاندار کی دکان میں ایف بی آر کا عملہ داخل نہیں ہوسکے گا اور نہ ہی اس کا عموماًکوئی آڈٹ ہوگا ، اس سکیم کا بنیادی مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور دکانداروں کو سہولت فراہم کرنا ہے ۔








