چاول کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 25 فیصدکا نمایاں اضافہ

ملک سے چاول کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 25 فیصدکا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):ملک سے چاول کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 25 فیصدکا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔پاکستان کے ادارہ برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں چاول کی برآمدات سے ملک کو 392 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 314 ملین ڈالر کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہے۔اگست میں چاول کی برآمدات 192 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو جولائی کے 200 ملین ڈالر کے مقابلے میں 27 فیصد کم، تاہم گزشتہ سال اگست کے 146 ملین ڈالر کے مقابلے میں 71فیصد زیادہ ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں باسمتی چاول کی برآمدات کا حجم 164 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 107 ملین ڈالر کے مقابلے میں 53 فیصد زیادہ ہے۔ اگست میں باسمتی چاول کی برآمدات 88 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو جولائی کے 76 ملین ڈالر کے مقابلے میں 33 فیصدکم اور گزشتہ سال اگست کے 52 ملین ڈالر کے مقابلے میں 70 فیصد زیادہ ہیں۔مالی سال کے پہلے دو ماہ میں چاول کی دیگر اقسام کی برآمدات کا حجم 228 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 207 ملین ڈالر کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔