وزیراعظم کے کفایت شعاری اقدامات، وزارتِ ریلوے میں فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی، ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس اور بیرونِ ملک دوروں پر پابندی عائد

وزیراعظم کے کفایت شعاری اقدامات کے تحت وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں مالی نظم و ضبط قائم کرنے اور غیر ضروری اخراجات میں فوری کمی کے لیے اہم احکامات جاری کر دیئے ہیں

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے کفایت شعاری اقدامات کے تحت وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں مالی نظم و ضبط قائم کرنے اور غیر ضروری اخراجات میں فوری کمی کے لیے اہم احکامات جاری کر دیئے ہیں،ان اقدامات کا مقصد دستیاب سرکاری وسائل کا مؤثر اور منصفانہ استعمال یقینی بنانا ہے۔ وزارت ریلوے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے میں 31 دسمبر 2026 تک ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس قرضوں کے اجرا کو مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور اس مدت کے دوران کسی بھی افسر یا ملازم کو یہ ایڈوانس جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیرِ ریلوے نے اپنے ذاتی سرکاری فیول سمیت محکمے کے تمام افسران کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی اپنے سمیت ریلوے کے تمام افسران اور ملازمین کے غیر ضروری سرکاری غیر ملکی دوروں پر بھی فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی کفایت شعاری پالیسی کا فوری اور سخت اطلاق شروع کر دیا گیا ہے تاکہ قومی وسائل کی بچت ممکن ہو سکے اور تمام سطحوں پر غیر ضروری اخراجات کا مکمل سدباب کیا جا سکے۔