پاکستان پوسٹ نے تین سال میں 68 لاکھ 30 ہزار یادگاری ٹکٹ، 2 لاکھ 20 ہزار سووینئر شیٹس چھاپیں
پاکستان پوسٹ نے تین سال میں 68 لاکھ 30 ہزار یادگاری ٹکٹ، 2 لاکھ 20 ہزار سووینئر شیٹس چھاپیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):پاکستان پوسٹ نے 2024 سے 2026 کے دوران سات موضوعاتی زمروں پر مشتمل اپنے سالانہ یادگاری پروگرام کے تحت 68 لاکھ 30 ہزار یادگاری ڈاک ٹکٹ اور 2 لاکھ 20 ہزار سووینئر شیٹس چھاپیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق پاکستان پوسٹ نے تین سال کے دوران 54 یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیے جن میں 2024 میں 13، 2025 میں 27 اور 2026 میں 14 ڈاک ٹکٹ شامل ہیں۔
2024 میں مجموعی طور پر 23 لاکھ ڈاک ٹکٹ چھاپے گئے، 2025 میں 35 لاکھ اور 2026 میں 10 لاکھ 30 ہزار ٹکٹ چھاپے گئے جس سے تین سال کی مجموعی تعداد 68 لاکھ 30 ہزار ہو گئی۔پاکستان پوسٹ نے اس عرصے کے دوران 19 سووینئر شیٹس بھی جاری کیں جن میں 2024 میں چھ، 2025 میں 10 اور 2026 میں تین شامل ہیں۔طباعت کے لحاظ سے 2024 میں 85 ہزار، 2025 میں ایک لاکھ پانچ ہزار اور 2026 میں 30 ہزار سووینئر شیٹس چھاپی گئیں جس سے ان کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار ہو گئی۔
یادگاری پروگرام میں سات موضوعاتی زمرے شامل تھے جن میں قومی ایام، ممتاز شخصیات، ثقافتی ورثہ، قدرتی ورثہ، بین الاقوامی تعلقات، سماجی آگاہی اور سفارتی تعلقات شامل ہیں۔پاکستان پوسٹ کے مطابق سالانہ پروگراموں کا مقصد قومی ورثے کے محافظ کی حیثیت سے ادارے کے کردار کو مضبوط بنانا اور قومی یکجہتی، عوامی آگاہی اور بین الاقوامی ڈاک سفارت کاری کو فروغ دینا ہے۔اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ تین سال کے دوران 2025 سب سے زیادہ سرگرمیوں کا سال رہا جس میں 27 یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری اور 35 لاکھ چھاپے گئے۔ اسی سال سب سے زیادہ 10 سووینئر شیٹس جاری کی گئیں جبکہ ان کی طباعت بھی سب سے زیادہ ایک لاکھ پانچ ہزار رہی۔








