کرتارپور راہداری پر مذہبی رسومات کی ادائیگی، پاکستان میں سکھ سنگت کو زیرو لائن تک مکمل رسائی، بھارت میں فورسز نے رکاوٹیں کھڑی کر دیں

کرتارپور راہداری پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران پاکستان نے سکھ سنگت کو زیرو لائن تک رسائی فراہم کر دی جبکہ بھارتی فورسز نے سکھوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا

کرتارپور۔22ستمبر (اے پی پی):کرتارپور راہداری پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران پاکستان نے سکھ سنگت کو زیرو لائن تک رسائی فراہم کر دی جبکہ بھارتی فورسز نے سکھوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔پاکستان کی جانب سے سکھ سنگت نے زیرو لائن پر پہنچ کر خصوصی ارداس، شبد کیرتن اور آرتی میں شرکت کی اور مکمل آزادی کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس کے برعکس بھارت میں سکیورٹی فورسز نے اکال تخت کے قائم مقام جتھیدار کی قیادت میں سکھ سنگت کو زیرو لائن کی جانب بڑھنے سے روک دیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ریاست پاکستان نے 2019ء میں سکھ قوم کو کرتارپور راہداری کا تحفہ دیا تھا، پاکستان ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق اور ان کی آزادی کی بات کرتا ہے اور ہمارا آئین ہر شہری کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور سکھ برادری کے ساتھ پاکستان کے گہرے تعلق اور وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔دوسری جانب اکال تخت صاحب بھارت کے قائم مقام جتھیدار سردار گیانی کلدیپ سنگھ گرگج نے کہا کہ سکھ برادری کرتارپور صاحب کی زیارت کے لیے راہداری کو مکمل طور پر فعال دیکھنے کی خواہاں ہے، راہداری کے باقاعدہ کھلنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور ماحول خوشگوار اور بہتر ہوگا۔