انفارمیشن گروپ کے 43 ویں ایس ٹی پی پروبیشنرز کا اے پی پی ہیڈکوارٹر کا دورہ، نیوز آپریشنز پر بریفنگ دی گئی

انفارمیشن گروپ کے پروبیشنری سول آفیسرز کے ایک گروپ نے منگل کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):انفارمیشن گروپ کے پروبیشنری سول آفیسرز کے ایک گروپ نے منگل کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں سٹیٹ نیوز ایجنسی کے پیشہ ورانہ کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ڈائریکٹر انفارمیشن سروس اکیڈمی مہرین لیاقت کی قیادت میں پروبیشنرز کا یہ دورہ 43 ویں خصوصی تربیتی پروگرام (ایس ٹی پی) کا حصہ تھا جس کا مقصد وزارت انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ کے مختلف ونگز اور منسلک محکموں کے بارے میں معلومات حاصل کرنا تھا۔اے پی پی کی قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر سبین عثمان خٹک نے قومی مفاد میں قابل اعتماد خبروں کی ترسیل کے ساتھ ساتھ مثبت بیانیہ تشکیل دینے میں اے پی پی کے کردار کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ اے پی پی ایک متحرک نیوز ایجنسی کے طور پر ترقی کر رہی ہے جو خبروں، تصاویر، ویڈیوز اور ڈیجیٹل مواد کی شکل میں بیک وقت مواد کی ترسیل کے متنوع طریقے اپنا رہی ہے۔انہوں نے اے پی پی کے وسیع ادارہ جاتی نیٹ ورک سے وفد کو آگاہ کیا جس میں اسلام آباد میں ہیڈکوارٹر، علاقائی بیوروز، سٹیشنز، غیر ملکی نمائندے اور ملک بھر میں پارٹ ٹائم نمائندوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔وفد کو بتایا گیا کہ اے پی پی نے 50 سے زیادہ ممالک کی سرکاری نیوز ایجنسیوں کے ساتھ خبروں کے تبادلے کے معاہدے کیے ہیں جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے بیانیے کو مضبوط بنانے میں معاون ہیں۔ڈائریکٹر نیوز اے پی پی شمائلہ عندلیب، ڈائریکٹر اردو سروس عبدالجبار زکریا اور ڈائریکٹر وڈ یو نیوز سروس ربنواز باجوہ نے اے پی پی کے مختلف شعبوں کے کام کے بارے میں بریفنگ دی۔وفد نے اے پی پی کے سینٹرل نیوز ڈیسک، رپورٹنگ، اردو سروس، سٹوڈیوز اور ڈیٹا سینٹر کا دورہ کیا جہاں سول سروس کے پروبیشنرز نے نیوز آپریشنز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔