غذائی استحکام کے لئے جدید زراعت،موثر آبی انتظام اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگی ناگزیر ہے،وی سی زرعی یونیورسٹی

غذائی استحکام کے لئے جدید زراعت،موثر آبی انتظام اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگی ناگزیر ہے،وی سی زرعی یونیورسٹی

فیصل آباد۔ 22 ستمبر (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش زرعی چیلنجز خصوصاً پانی کی کمیابی کے تناظر میں جدید زرعی طریقوں، پانی کے مؤثر انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت کو فروغ دے کر غذائی استحکام کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ کے 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے 27 رکنی افسران کے وفدجس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سید علی رضا شاہ کر رہے تھے کو یونیورسٹی کے دورہ کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ پریسیژن فارمنگ، تحقیق پر مبنی فصلوں میں تنوع اور آبپاشی کی مؤثر ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی شعبے میں تبدیلی ناگزیر ہے تاکہ مٹی کی زرخیزی میں کمی، بدلتے موسمی حالات اور پانی کے کم ہوتے ذخائر جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں جدید زراعت کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصدیق شدہ بیج کی فراہمی اور کاشتکاروں تک بروقت معلومات پہنچا کر غذائی استحکام کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے تمام ڈینز، ڈائریکٹرز، رجسٹرار، خزانچی اور دیگر اہم انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ وفد نے مختلف لیبارٹریوں کا معائنہ بھی کیا۔

مزید خبریں