پاکستان اور چین نے عملی نوعیت کے ترقیاتی تعاون کو وسعت دینے ، تعمیراتی منصوبوں، ٹیکنالوجی کے فروغ اور مقامی استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے
رانا احسان افضل خان کی چین کے وفد سے ملاقات، ترقیاتی تعاون کو وسعت دینے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور چین نے عملی نوعیت کے ترقیاتی تعاون کو وسعت دینے ، تعمیراتی منصوبوں، ٹیکنالوجی کے فروغ اور مقامی استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ وزیراعظم کے تجارت، صنعت و پیداوار کے لیے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے چین کے بین الاقوامی مرکز برائے اقتصادی و تکنیکی ایکسچینج کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔چینی وفد کی قیادت چین انٹرنیشنل سینٹر فار اکنامک اینڈ ٹیکنیکل ایکسچینجز (سی آئی سی ای ٹی ای) کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لی شوئین نے کی۔ اجلاس میں وزارت تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری (تجارتی سفارت کاری) ناصر حامد اور اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر پاکستان میں چینی ترقیاتی تعاون کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات میں معاونت کے لیے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وفد نے ترقیاتی تعاون کے منصوبوں پر عملدرآمد میں حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تعاون اور سہولت کاری کو سراہا۔رانا احسان افضل خان نے سی آئی سی ای ٹی ای کی پاکستان کے ساتھ طویل عرصے سے جاری شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک بھر بالخصوص بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں میں کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ سی آئی سی ای ٹی ای نے مقامی آبادی اور ترقیاتی مقاصد کے لیے متعدد اقدامات کی ہیں جبکہ مسلسل تعاون پاکستان اور چین کے تعلقات کے عملی پہلو کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔دونوں جانب سے معاونت اور تعمیراتی منصوبوں کے علاوہ پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ شعبوں میں چینی مہارت، ٹیکنالوجی اور وسائل سے استفادہ کرنے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ باہمی تعاون کے منصوبوں پر بروقت عملدرآمد، مقامی استعداد کار میں اضافے اور نئے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے ۔
انہوں نے پاکستان چین تزویراتی شراکت داری کے تحت ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے میں سی آئی سی ای ٹی ای اور چینی فریق کے کردار کو سراہا۔دونوں جانب سے جاری منصوبوں اور مزید تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عملی و باہمی مفاد پر مبنی ترقیاتی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔








