کینسر کے مریضوں کے ساتھ یکجہتی ، حوصلہ افزائی کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم گلاب منایا گیا

کینسر کے مریضوں کے ساتھ یکجہتی ، حوصلہ افزائی کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم گلاب منایا گیا

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم گلاب منگل 22 ستمبر کو منایا گیا ۔یہ دن کینسر کے مریضوں کے ساتھ یکجہتی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے مخصوص ہے۔عالمی یوم گلاب کا بنیادی مقصد کینسر کے موذی مرض کے خلاف جنگ لڑنے والے مریضوں کو یہ یقین دلانا ہے کہ وہ اس سفر میں اکیلے نہیں ہیں۔عالمی دن کے موقع پر مریضوں کو گلاب کے پھول اور محبت بھرے پیغامات دیئے جاتے ہیں تاکہ ان کے اندر جینے کی امنگ اور حوصلہ پیدا ہو۔

واضح رہے کہ عالمی یوم گلاب کی ابتدا کینیڈا سے تعلق رکھنے والی کینسر کی مریضہ 12 سالہ میلنڈا روز کی یاد میں کی گئی تھی جنہوں نے چھ ماہ تک کینسر کا بہادری سے مقابلہ کیا تھا۔ عالمی دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور کینسر کے مریضوں سے اظہار یکجہتی کیلئے انہیں پھول اور تحائف پیش کئے گئے۔