مالدیپ کے سپیکر کی قیادت میں پارلیمانی وفد اور پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال کا اجلاس
مالدیپ کے سپیکر کی قیادت میں پارلیمانی وفد اور پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں سپیکر پیپلز مجلس مالدیپ عبدالرحیم عبداللہ اور ان کے پارلیمانی وفد کا قومی اسمبلی پاکستان میں پُرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پر قومی اسمبلی پاکستان کے پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال (پی سی سی آر) اور مالدیپ کے پارلیمانی وفد کے مابین بھی ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کی۔ پارلیمانی سیکرٹری آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے آغاز میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کاکس کے قیام کا پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار ایک نوجوان بچے نے ایک پارلیمنٹیرین سے سوال کیا تھا کہ جب ووٹ ڈالنے کی عمر 18 سال ہے اور پارلیمنٹ اسی عمر کے افراد کی نمائندگی کرتی ہے تو 18 سال سے کم عمر بچوں کے لئےمؤثر قانون سازی کیسے ممکن بنائی جائے گی۔ اسی سوچ نے بچوں کے حقوق کے لئے پارلیمانی کاکس کے قیام کی راہ ہموار کی تاکہ بچوں کے مسائل کو پارلیمانی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔اجلاس میں پاکستان اور مالدیپ نے پارلیمانی سفارتکاری، تجارت، سیاحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی، زراعت، صحت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے، باہمی خیرسگالی کے فروغ اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور عوامی روابط پر استوار ہیں۔انہوں نے تجارت، تعلیم، سیاحت، صحت، موسمیاتی تبدیلی، نوجوانوں کی ترقی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ بچوں کے حقوق، تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی سمیت عوامی فلاح کے شعبوں میں تجربات اور معلومات کا تبادلہ دونوں ممالک کے لئے نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیاحت و ماہی گیری کو ترجیحی شعبے قرار دیتے ہوئے قابل تجدید توانائی، زراعت، تعلیم، فنی تربیت اور وظائف میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔پاکستان-مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے ارکان ڈاکٹر شائستہ خان، سیدہ نوشین افتخار، محمد عثمان بادینی، ڈاکٹر شازیہ ثویبہ اسلم سومرو، سبین غوری اور امجد علی خان نے تجارت، نوجوانوں کی ترقی، زراعت، آئی ٹی و ڈیجیٹل تعاون اور صحت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔








