وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا پی ٹی آئی پر پرتشدد احتجاج ترک کرنے پر زور
وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا پی ٹی آئی پر پرتشدد احتجاج ترک کرنے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گزشتہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ملک کو پہنچنے والے معاشی نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی پر زور دیا ہے کہ پرتشدد احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے بات چیت کا راستہ اپنائے۔ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے منگل کو گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو کئی بار مذاکرات کی پیشکش کی لیکن پارٹی کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی سیاست ایک نکاتی ایجنڈے کے گرد گھومتی رہی ہے جسے وہ سڑکوں پر حل کرنا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے بانی کی صحت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی صحت کے بارے میں دعوے محض پروپیگنڈہ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی صحت بالکل ٹھیک ہے ۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے بھی ان کی صحت کی صورتحال کی تصدیق کی ہے۔وزیر مملکت نے پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں کی جانب سے جھڑپوں اور دھمکیوں سے متعلق بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے اعلان کردہ احتجاج کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے کیے گئے متعدد حفاظتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومتی انتظام و انصرام کے فقدان کی وجہ سے صوبے کی حالت بگڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے اور وہاں ترقیاتی کاموں اور دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے "۔







