اسلام آباد پولیو مہم، دوسرے روز 290,114 بچوں تک رسائی ، 65 فیصد ہدف حاصل
اسلام آباد پولیو مہم، دوسرے روز 290,114 بچوں تک رسائی ، 65 فیصد ہدف حاصل

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رواں سال کی تیسری انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز 290,114 بچوں کو ویکسین پلائی گئی اور مہم کا 65 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے وفاقی دارالحکومت میں جاری انسدادِ پولیو مہم کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مہم میں شامل تمام 8 ڈویژنز کی کارکردگی کا انفرادی طور پر جائزہ لیا گیا۔ محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مہم کے دوسرے روز 290,114 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے، جس سے مجموعی ہدف کا 65 فیصد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔اجلاس میں فیلڈ میں کام کرنے والے پولیو ورکرز کو درپیش چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے ویکسینیشن ٹیموں کو متاثر کرنے والے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جو مہم کی کوریج (رسائی) پر اثر انداز ہو سکتی تھیں۔
ویکسینیشن سے انکار کے کیسز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جن خاندانوں نے ویکسینیشن سے انکار کیا تھا، ان کے ہر معاملے پر الگ الگ بات چیت کی گئی تاکہ خدشات کی نشاندہی کی جا سکے اور رسائی کی کوششوں کو بہتر بنایا جا سکے۔ حکام نے والدین اور سرپرستوں کے ساتھ مسلسل رابطے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مہم کے دوران تمام اہل بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔اجلاس کے شرکاء نے دارالحکومت میں چلائی جانے والی گزشتہ دو انسدادِ پولیو مہمات کے مقابلے میں موجودہ مہم کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ بھی لیا۔ اس موازنے میں کوریج کی سطح، پہلے دو دنوں میں حاصل ہونے والی پیش رفت اور عوام کی جانب سے مجموعی ردعمل پر توجہ مرکوز کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ ٹیموں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ان علاقوں میں ویکسینیشن کوریج کو مزید بہتر بنائیں جہاں ابھی تک اہداف حاصل نہیں کیے جا سکے۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا کہ مہم کی تکمیل سے قبل ہر اہل بچے تک رسائی حاصل کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اسلام آباد بھر میں گھروں اور محلوں کا دورہ کرنے والے پولیو ورکرز اور ویکسینیشن ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے تعاون اور حمایت کے بغیر انسدادِ پولیو مہم کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں بنایا جا سکتا۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچے پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پئیں اور بچوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔اسلام آباد بھر میں انسدادِ پولیو مہم جاری ہے اور حکام آئندہ چند دنوں میں ہدف میں شامل باقی ماندہ آبادی تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔







