وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان ،ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی برادر عوام کو مبارکباد

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی برادر عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی نہ صرف مملکت بلکہ پاکستان کے لئے قابل فخر ہے،میرے بھائی محمد بن سلمان کی …

نیویارک۔23ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی برادر عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی نہ صرف مملکت بلکہ پاکستان کے لئے قابل فخر ہے،میرے بھائی محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب خوشحالی اور جدیدیت کے سفر پر گامزن ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور آزمودہ بھائی چارے پر فخر محسوس کرتا ہےجس کی بنیاد مذہب ،باہمی اعتماد اور عوام کے درمیان پائیدارتعلقات پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی یہ برادرانہ تعلقات مزید تذویراتی شراکت داری میں تبدیل ہورہے ہیں جس کی بنیاد امن،سلامتی اور مسلم امہ کے اتحادکے لئے ہماری مشترکہ وابستگی پر قائم ہے،ہم نے فخر کے ساتھ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کئے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر مملکتِ سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں بالخصوص مقدس شہر مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کا اعادہ کرتا ہوں، حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کی حفاظت کے لیے غیر متزلزل طور پر مملکت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

پاکستان سعودی عرب برادرانہ دوستی زندہ باد کے نعرے کے ساتھ اختتام کرتے ہوئے وزیراعظم نےکہا کہ میری دعا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہیں۔