کراچی۔23ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ایوارڈز 2026 میں انقلابی ڈیجیٹل خدمات کے اعتراف میں 3 اعزازات اپنے نام کر لیے ۔ کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران نادرا کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سہیل جہانگیر اور ہیڈ آف ٹیکنالوجی شاہد اقبال نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و …
انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ایوارڈز،نادرا نے جدید ڈیجیٹل سروسز پر 3 اعزازات اپنے نام کر لیے
کراچی۔23ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ایوارڈز 2026 میں انقلابی ڈیجیٹل خدمات کے اعتراف میں 3 اعزازات اپنے نام کر لیے ۔ کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران نادرا کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سہیل جہانگیر اور ہیڈ آف ٹیکنالوجی شاہد اقبال نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشد سے یہ ایوارڈ وصول کیے۔
نادرا کی معروف ’’ پاک آئی ڈی‘‘ موبائل ایپ نے حکومتی و شہری خدمات کے شعبے میں بہترین کارکردگی کا ایوارڈ حاصل کیا۔ بائیس ملین سے زائد ڈائون لوڈز کے ساتھ یہ ایپ اب محض روایتی شناختی دستاویز کے حصول تک محدود نہیں رہی بلکہ ایک ہمہ گیر ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن چکی ہے جس کے ذریعے اندرون اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی مختلف قسم کی تصدیقی اور رجسٹریشن سہولیات گھر بیٹھے حاصل کر رہے ہیں۔ادارے کے جدید ’’ملٹی بائیومیٹرک ویری فیکیشن سسٹم‘‘ کو کمیونٹی اور دور دراز علاقوں کی خدمات کے شعبے میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔
چہرے کی شناخت سمیت جدید بائیومیٹرک طریقوں پر مبنی یہ نظام ان شہریوں کے لیے انتہائی کارآمد ثابت ہوا ہے جن کے فنگر پرنٹس عمر رسیدگی یا محنت مزدوری کے باعث مٹ جاتے ہیں یا درست میچ نہیں ہو پاتے، یوں یہ نظام متبادل ذرائع سے ان کی بااعتماد شناخت ممکن بناتا ہے۔علاوہ ازیں نادرا کی ’’پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سروس‘‘ نے ڈیجیٹل گورنمنٹ کے شعبے میں نمایاں کامیابی سمیٹتے ہوئے ایوارڈ اپنے نام کیا۔
اگست 2026 میں متعارف کروائی گئی اس سہولت کے تحت بزرگ پنشنرز کو بینکوں اور دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے نجات مل گئی ہے اور وہ اب پاک آئی ڈی ایپ یا نادرا سروس چینلز کے ذریعے باآسانی اپنی حیات کی تصدیق کا عمل مکمل کر سکتے ہیں۔









