وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارتِ صحت کے متعلقہ اعلیٰ حکام اور افسران نے شرکت کی۔وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ مریضوں، طبی عملے اور عوام کی حفاظت کے لیے ضروری اصلاحات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائیں۔
وفاقی وزیرِ صحت کی زیرِ صدارت اجلاس ،مریضوں اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے ضروری اصلاحات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارتِ صحت کے متعلقہ اعلیٰ حکام اور افسران نے شرکت کی۔وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ مریضوں، طبی عملے اور عوام کی حفاظت کے لیے ضروری اصلاحات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائیں۔
اجلاس میں وزارتِ قومی صحت کے زیرِ انتظام تمام اداروں میں فائر سیفٹی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی جامع اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزارتِ صحت کے زیرِ انتظام تمام ہسپتالوں، بنیادی مراکزِ صحت اور دیہی مراکزِ صحت کے تکنیکی اور بنیادی ڈھانچے کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے اداروں کے انفراسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ماہر کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ کنسلٹنسی فرم صحت مراکز میں فائر سیفٹی، بجلی کے نظام، ہیٹنگ، وینٹی لیشن اور ایئر کنڈیشننگ سمیت میڈیکل گیسز کے نظام کا جائزہ لے گی۔اس کے علاوہ صحت کے اداروں میں موجود بائیومیڈیکل آلات اور طبی فضلے کے انتظام کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر کے جامع جائزے کی بنیاد پر ضروری اصلاحات کے لیے عملی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، تاکہ صحت کے اداروں میں حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری ہسپتال، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے اداروں میں حفاظتی اقدامات کو بہتر بنا کر مستقبل میں حادثات کی روک تھام یقینی بنائی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ صحت کے مراکز کے بنیادی ڈھانچے اور حفاظتی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے ان کا بروقت ازالہ کیا جائے۔








