چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی قیادت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ کی سعودی عرب کے 96ویں قومی دن پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی قیادت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا قومی دن قومی فخر، اتحاد، ترقی، استحکام اور قومی عزم کی تجدید کا اہم موقع ہے۔ انہوں نے مملکت سعودی عرب کی مزید ترقی، خوشحالی، امن و استحکام اور سعودی قیادت کی کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ ایمان، اخوت، تاریخ، ثقافت، باہمی احترام اور دیرینہ عوامی روابط پر مبنی مضبوط اور لازوال رشتے کی عکاسی کرتے ہیں۔ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا قابلِ اعتماد اور مخلص دوست رہا ہے، دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات میں اہم سنگِ میل ہیں، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، توانائی، تعلیم، صحت، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید وسعت اختیار کر رہا ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی روابط کے فروغ کو دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم سمجھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب مسلم امہ کے اتحاد، امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد و وزیراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سعودی عرب کو ہمیشہ امن، استحکام، ترقی و خوشحالی عطا فرمائے اور پاکستان و سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم بنائے۔








