مانسہرہ،جائیداد کی خرید وفروخت کے لیے ای رجسٹری سسٹم کا آغاز کر دیا گیا

خیبر پختونخوا حکومت کے ڈیجیٹل اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت ضلع مانسہرہ میں جائیداد کی رجسٹریشن کے لیے جدید ’ای رجسٹری‘ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے

مانسہرہ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت کے ڈیجیٹل اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت ضلع مانسہرہ میں جائیداد کی رجسٹریشن کے لیے جدید ’ای رجسٹری‘ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے،اس قدم کا مقصد لینڈ ایڈمنسٹریشن کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے عوامی لین دین میں شفافیت لانا ہے،نئے ڈیجیٹل نظام کی بدولت شہریوں کو غیر ضروری کاغذی کارروائی اور دفاتر کے چکروں سے نجات ملے گی جبکہ خریداروں اور فروخت کنندگان کے لیے رجسٹریشن کا عمل تیز اور محفوظ ہو جائے گا ۔اسی طرح ڈیجیٹل ٹریکنگ اور محفوظ ریکارڈ سے زمینوں کے دوہرے اندراج،ریکارڈ میں ردوبدل اور جعل سازی جیسے مسائل کا سدباب ممکن ہوگا۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا ظاہر شاہ کی قیادت میں متعارف کروائے گئے اس سسٹم کو ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے ملکیتی حقوق کے تحفظ اور گڈ گورننس کی سمت اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔