سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد کی یورپی پارلیمنٹ کی رکن ماریہ خان کی قیادت میں ملاقات

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بدھ کو یورپی یونین کے پارلیمانی وفد نے یورپی پارلیمنٹ کی رکن ماریہ خان کی قیادت میں ملاقات کی

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بدھ کو یورپی یونین کے پارلیمانی وفد نے یورپی پارلیمنٹ کی رکن ماریہ خان کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کو دہشت گردی کا سامنا ہے، افغانستان سے دہشت گردی بڑا چیلنج ہے، پاکستان نے چار دہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، بھارت کے ساتھ کشیدگی میں پاکستان نے بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے علاقائی امن کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، پاکستان علاقائی تنازعات کے پرامن حل کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیام امن کی کاوشوں کو سراہتی ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید متاثر ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، عالمی برادری موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کردار ادا کرے، پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ ہے، پارلیمنٹ میں شمسی توانائی کا استعمال ماحول دوست اقدام ہے، گرین پارلیمنٹ پاکستان کے ماحول دوست عزم کی عکاس ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ ویمن پارلیمانی کاکس خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے، قومی اسمبلی میں چائلڈ رائٹس کاکس بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، اقلیتی پارلیمانی اراکین کا پارلیمنٹ میں کردار قابل ستائش ہے، پاکستان کے تمام ادارے اقلیتوں کے تحفظ کے لیے مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ پارلیمانی روابط کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے پاک-یورپی یونین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی تجویز دی اور کہا کہ پارلیمانی روابط سے باہمی تجربات اور معلومات کا تبادلہ ہوگا، پاکستان اور یورپی یونین کے پارلیمانی روابط مزید مضبوط ہونے چاہئیں۔یورپی یونین کے پارلیمانی وفد نے پرتپاک استقبال پر سپیکر قومی اسمبلی سے اظہار تشکر کیا اورکہا کہ پاکستان کا خطے میں قیامِ امن کے لیے کردار قابلِ ستائش ہے، پاکستان جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے ، یورپی یونین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک ثابت قدم اور پُرامن قوم ہے۔