خیبرپختونخوا حکومت سیاسی نعرے بازی کی بجائے خطے میں پائیدار امن، روزگار کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کرے، آفتاب احمد خان شیرپاؤ

قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت محض جلسے جلوسوں اور سیاسی نعرے بازی تک محدود رہنے کی بجائے خطے میں پائیدار امن، روزگار کی فراہمی اور معاشی خوشحالی کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے

پشاور۔ 23 ستمبر (اے پی پی):قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت محض جلسے جلوسوں اور سیاسی نعرے بازی تک محدود رہنے کی بجائے خطے میں پائیدار امن، روزگار کی فراہمی اور معاشی خوشحالی کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ضلع مہمند میں قومی وطن پارٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والے مقامی مشران، نوجوانوں اور سیاسی و سماجی کارکنان کی بڑی تعداد نے پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ سابق فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے وقت حکومتوں کی جانب سے قبائلی عوام سے کئے گئے وعدوں کو بلا تاخیر پورا کیا جائے۔ انوہں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی بقا و سلامتی کے لیے پشتون قوم بالخصوص قبائلی عوام اور 80 ہزار سے زائد شہدا نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت محض جلسے جلوسوں اور سیاسی نعرے بازی تک محدود رہنے کی بجائے خطے میں پائیدار امن، روزگار کی فراہمی اور معاشی خوشحالی کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی قبائلی اضلاع کے تمام جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر اپنا سیاسی و آئینی کردار ادا کرتی رہے گی۔جلسے سے صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی سکندر حیات خان شیرپاؤ نے بھی خطاب کیا۔ اجتماع کے اختتام پر آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ارکان کو قومی وطن پارٹی کے پرچم کے مفلر پہنائے اور انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔