نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا غزہ میں جاری مظالم کے خاتمے، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے سیاسی عمل آگے بڑھانے کی فوری ضرورت پر زور

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے غزہ میں جاری مظالم کے خاتمے، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔

نیویارک۔23ستمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے غزہ میں جاری مظالم کے خاتمے، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔

منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی اور برطانیہ کے وزیر اعظم اینڈی برنہم کی جانب سے بلائے گئے دو ریاستی حل سے متعلق اعلیٰ سطحی بین الاقوامی اجلاس ’’آگے بڑھنے کا راستہ: نیویارک اعلامیے اور جامع 20 نکاتی امن منصوبے کے ایک سال بعد‘‘ میں شرکت کی اور پاکستان کا نکتہ نظر پیش کیا۔اجلاس کے افتتاحی کلمات سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آلسعود اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی ادا کیے۔

اجلاس میں فلسطین کے صدر محمود عباس (ویڈیو لنک کے ذریعے)، سپین کے صدر پیڈرو سانچیز، قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آلثانی، مصر کے وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی، اردن کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی، ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر اسٹورے، آئرلینڈ کے نمائندے تائوسیچ ، میہال مارٹن، فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب، یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستا، بورڈ آف پیس کے غزہ کے لیے اعلیٰ نمائندے نکولے ملادینوف، نیدرلینڈز کے وزیراعظم روب جیٹن اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے شرکت کی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے غزہ میں جاری مصائب کے خاتمے، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب ایک ناقابل واپسی سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کی فوری ضرورت پر زور دیا، جس کی سرحدیں 1967ء سے قبل کی حدود کے مطابق ہوں اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔