بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالکبیر خان زرکون نے پاکستان میں جرمنی کی سفیر Ina Lepel، ہیڈ آف جرمن ڈویلپمنٹ کوآپریشن اور قونصلر ڈاکٹر میرجام اور جرمنی کے اعزازی قونصل جنرل میر مراد سے ملاقات کی۔
منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا کی جرمن سفیر اینا لیپل سے ملاقات ،تکنیکی وفنی تعلیم سے متعلق امور پرتبادلہ خیال

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالکبیر خان زرکون نے پاکستان میں جرمنی کی سفیر Ina Lepel، ہیڈ آف جرمن ڈویلپمنٹ کوآپریشن اور قونصلر ڈاکٹر میرجام اور جرمنی کے اعزازی قونصل جنرل میر مراد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا بنیادی مقصد صوبے کے تکنیکی و فنی تعلیم و تربیت (TVET) سیکٹر کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنا،فنی تربیت و تکنیکی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور بلوچستان کے ہنرمند نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر، بالخصوص جرمنی میں، روزگار کے مواقع پیدا کرنا تھا۔ملاقات کے دوران ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر خان زرکون نے فنی ،تکنیکی تربیت کے شعبے میں جرمن حکومت کی دیرینہ امداد اور GIZ جیسے ترقیاتی اداروں کے تاریخی کردار پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کو جدید بنانے، ادارہ جاتی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور ڈوئل ووکیشنل ٹریننگ سسٹم کو متعارف کرانے میں جرمنی کے مسلسل تعاون نے صوبے بھر کے ہزاروں نوجوانوں کو پائیدار فنی مہارتوں کے ساتھ بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اس موقع پر جرمن سفیر نے صوبے میں پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے فروغ اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کو شامل کرنے پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے بی ٹیوٹا کو فنی مہارتوں کی ترقی اور بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جرمنی کے مسلسل تعاون اور پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ایم۔ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر خان زرکون نے جرمن سفیر اور انکے وفد کو بلوچستان کی وسیع معاشی صلاحیتوں اور ان اہم تکنیکی شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی جہاں خصوصی ہنر کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ریکوڈک اور سیندک جیسے میگا پروجیکٹس کے تناظر میں جدید مائننگ اور منرل پروسیسنگ ٹیکنالوجیز، گوادر پورٹ سے منسلک میرین انجینئرنگ اور بلیو اکانومی، شمسی و بادی توانائی (سولر اینڈ ونڈ انرجی) کے سسٹمز، جدید زراعت و تحفظِ آب کی تکنیکس اور ڈیجیٹل آئی ٹی اسکلز پر بی ٹیوٹا کی توجہ کو اجاگر کیا۔ اس کے علاوہ بی ٹیوٹا کے ماسٹر ٹرینرز اور انسٹرکٹرز کی صلاحیتوں میں اضافے کے پروگراموں اور سند یافتہ ہنرمند نوجوانوں کو جرمن انڈسٹریل مارکیٹ میں براہ راست ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ فریم ورک قائم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس اہم اجلاس میں ڈائریکٹر بی ٹیوٹا غلام۔مصطفی رئیسانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تیمور ظفر نے بھی شرکت کی اور پیشہ ورانہ تعلیم کو مزید مضبوط بنانے اور صوبائی تربیتی پروگراموں کو بین الاقوامی صنعتی معیار کے مطابق بنانے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔








