کشمیری عوام نے پاکستانیت اور مسلم لیگ ن سے اپنی وابستگی ثابت کردی،عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد کا آغاز ہو چکا ہے،انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے پاکستانیت اور مسلم لیگ ن سے اپنی وابستگی ثابت کردی،قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے عوام سے جو وعدے کئے تھے

مظفرآباد۔23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے پاکستانیت اور مسلم لیگ ن سے اپنی وابستگی ثابت کردی،قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے عوام سے جو وعدے کئے تھے، مسلم لیگ (ن) ان وعدوں پر قائم ہے،عوام بہت جلد اس کے عملی اثرات اور تبدیلی محسوس کریں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوہالہ پل تا مظفرآباد”جیوے پاکستان‘‘ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کوہالہ پل آمد پر ہزاروں افراد نے وفاقی وزیر کا پر تپاک استقبال کیا۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید کی جانب سے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی قیادت میں کوہالہ پل تا مظفرآباد ’’جیوے پاکستان ریلی“نکالی گئی ،جس میں ہزاروں گاڑیاں شامل تھیں۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے جیوے پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں ذاتی طور پر اور اپنی قیادت قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نوازکی جانب سے آپ کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں،صحت کے مسائل کی وجہ سے مجھے کچھ تاخیر ہوئی لیکن میں خاص طور پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں جنہوں نے انتخابات میں ہماری قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کے معاملات کی خود نگرانی کرنے کا وعدہ کیا تھا اور پارٹی قیادت اپنے اس وعدے پر قائم ہے،قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مریم نواز نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے عوام سے جو وعدے کیے تھے، مسلم لیگ (ن) ان وعدوں پر قائم ہے،عوام بہت جلد اس کے عملی اثرات اور تبدیلی محسوس کریں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عوام کے اعتماد اور محبت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں،کشمیری عوام نے پاکستانیت اور مسلم لیگ ن سے اپنی وابستگی ثابت کردی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے،عوام نے ثاقب مجید راجہ پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں کامیابی دلوائی، آپ سے کیا گیا وعدہ بھی پورا کر دیا ہے اور انہیں وزارت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،حالیہ مشکل حالات کے باوجود عوام نے گھروں سے نکل کر مسلم لیگ ن کو بھر پور کامیابی دلوائی،عوامی اعتماد مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان محبت اور وابستگی تاریخی ہے اور مسلم لیگ (ن) اس رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،بہترین اور پرامن انتخابات کروانے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، افواج پاکستان اور دیگر اداروں کا بھی شکریہ اداکرتا ہوں،آزاد کشمیر کے لیے اعلان کردہ 100 روزہ پروگرام پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر وہ آج آزاد کشمیر میں موجود ہیں تو اس کا مقصد عوام کا شکریہ ادا کرنا اور انہیں یہ یقین دلانا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرے گی،سیاسی اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہیں تاہم کسی بھی احتجاج کے نتیجے میں عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے،احتجاج کرنے والے حلقوں سے اپیل کی کہ وہ عوام کو تکلیف دینے سے گریز کریں۔ انجینئر امیر مقام نے جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اپیل پر احتجاج موخر کرنے کا فیصلہ قابل تحسین ہے،سیاسی معاملات کا حل مذاکرات اور باہمی مشاورت کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔خیبر پختونخوا کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے کسی احتجاج یا سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیے ، آزاد کشمیر حکومت، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکن عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔وفاقی وزیر کی آمد پر کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد، کشمیر زندہ باد، قائد محمد نواز شریف زندہ باد، وزیر اعظم شہباز شریف زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ریلی میں وزیر توانائی و آبی وسائل راجہ ثاقب مجید،شفقت علی چوہدری ایڈووکیٹ، ممبر ان ضلع کونسل یاسر گیلانی،سردار نائید عباسی، خواجہ عامر ظفر کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔