گلگت بلتستان کے سیاسی، آئینی، قانونی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا جبکہ گلگت بلتستان کے عوام کو موثر سیاسی و معاشی حقوق دینے اور قومی زندگی میں ان کی بھرپور شرکت یقینی بنانے پر بھی غور کیا گیا
وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت گلگت بلتستان کے مسائل پر وزیراعظم کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):گلگت بلتستان کے سیاسی، آئینی، قانونی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا جبکہ گلگت بلتستان کے عوام کو موثر سیاسی و معاشی حقوق دینے اور قومی زندگی میں ان کی بھرپور شرکت یقینی بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق یہ جائزہ وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت گلگت بلتستان کے مسائل پر وزیراعظم کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں لیا گیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین اور قائد حزب اختلاف حافظ حفیظ الرحمن نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں گلگت بلتستان کی معاشی و مالیاتی ضروریات، توانائی، سیاحت، قدرتی وسائل اور محصولات سمیت رابطہ کاری اور دیگر متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی قومی زندگی میں موثر شرکت حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت، گلگت بلتستان کی قیادت اور دیگر متعلقہ فریقین سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے آئینی و قانونی تشخص کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے جامع اور دیرپا فریم ورک ضروری ہے۔قائد حزب اختلاف حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان کے آئینی حل میں عوام کی رائے اور خواہشات کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین متحد ہیں۔اجلاس میں گلگت بلتستان کے فوری نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام اور گلگت بلتستان کی قیادت سے تجاویز بھی طلب کی گئیں۔








