وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ وزیراعظم شہبازشریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، مشکل حالات میں اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے
وزیراعظم شہباز شریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، مشکل حالات میں اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیر مملکت بلال اظہر کیانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ وزیراعظم شہبازشریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، مشکل حالات میں اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عمل درآمد کے حوالے سے جہلم میں پٹرول پمپس کے دورہ کے موقع پرشہریوں سے گفتگو میں کہی۔ وزیر مملکت نے ہر پٹرول پمپ پر ان کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کی جانب سے لگائے گئے رجسٹریشن کیمپس کا دورہ کیا اور پارٹی کارکنوں کی طرف سے شہریوں کی مدد سے متعلق نظام کو دیکھا ۔ وزیر مملکت نے شہریوں کی طرف سے 9771 پر خود کو رجسٹر کرانے اور ٹوکن کے حصول کے عمل کا خود مشاہدہ کیا اور خود بھی شہریوں کو رجسٹر کیا ۔ وزیرمملکت نے ٹوکن ملنے پر شہریوں کے موٹر سائیکلوں میں خود پٹرول بھی ڈالا، پٹرول پمپس اور رجسٹریشن کیمپس کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دیگر حکام بھی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے ہمراہ تھے ۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے انتظامیہ کو ڈی ایچ کیو اور گورنمنٹ کالجز کے باہر وزیراعظم فیول ریلیف سکیم رجسٹریشن کیمپس لگانے کی بھی ہدایت کی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی قائدین، رہنما اور کارکن بھی وزیر مملکت کے ہمراہ تھے جنہوں نے پارٹی کارکنوں کی طرف سے سستے پٹرول کی فراہمی کے عمل میں معاونت سے متعلق آگاہ کیا ۔ اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے بلال اظہرکیانی نے کہاکہ پارٹی کارکن شہریوں کی رہنمائی کریں اور ان کی معاونت کریں۔انہوں نے کہاکہ عوام کو ٹوکن ملنے اور سستے پٹرول کی فراہمی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ خود جہلم ، سوہاوہ اور دینہ کے پٹرول پمپس کے دورے کر رہے ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ان کے پاس آئے ہیں اور یقینی بنا رہے ہیں کہ حق دار وں کو ان کا حق ملے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، عالمی حالات کے نتیجے میں پٹرول مہنگا ہوا، مشکل حالات میں اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ چنگ چی، رکشے، موٹر سائیکل اور 800 سی سی والی گاڑیوں کو سستے پٹرول کی فراہمی سے عوام کو ریلیف ملا ہے، عوام کی سہولت کے لئے 500 روپے کا ٹوکن موٹر سائیکل والوں کو جاری کیا گیا ہے ، 600 کا پٹرول ڈلوانے والوں کو صرف 100 روپے ادا کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ 800 سی سی گاڑی والے کو ہر ماہ تین ہزار روپے کی سبسڈی ملے گی۔
پارٹی کارکنوں نے رجسٹریشن کیمپس آمد پر وزیر مملکت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے لگائے۔ جہلم پہنچنے پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر حکام نے پورے جہلم میں 91 پٹرول پمپس پر وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عمل درآمد پر بریفنگ دی ۔ وزیر مملکت جمعرات کو بھی پٹرول پمپس اور رجسٹریشن کیمپس کا دورہ کریں گے۔








