سائٹ صنعتی ایریا کے صنعتکار بی ایم جی کے تمام امیدواروں کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے

سائٹ صنعتی ایریا کے صنعتکاروں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کے انتخابات میں بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کی مکمل حمایت کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کروائی ہے

کراچی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):سائٹ صنعتی ایریا کے صنعتکاروں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کے انتخابات میں بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کی مکمل حمایت کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ کے سی سی آئی کے انتخابات میں سائٹ کے صنعتکار بی ایم جی کے تمام امیدواروں کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔بدھ کوجاری اعلامیہ کے مطابق سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں بی ایم جی کے چیئرمین زبیر موتی والا سمیت کے سی سی آئی انتخابات میں حصہ لینے والے بی ایم جی امیدواروں کی تعارفی تقریب کے موقع پر ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ، صدر عبدالرحمان فدا، یونس بشیر، جاوید بلوانی، طارق یوسف، انجم نثار، محمد ادریس، ریحان حنیف، ارشد وہرہ، میاں ابرار، جنید ماکڈا، عبدالرزاق اگر، شمیم فرپو، عرفان موٹن، سائٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر احمد ذوالفقار چوہدری، نائب صدر محمد طاہر گوریجا، عبدالہادی،احمد عظیم علوی، کامران عربی، خالد ریاض، محمد ریاض ڈیڈھی، چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹپما) انور عزیز اور ٹاولز مینوفیکچرنگ ایسوسی ایسن کے عامر لاری، اورنگی ٹریڈرز سمیت مختلف ٹریڈ ایسوسی ایشن کے صدور اور سائٹ ایسوسی ایشن کے ممبران کی ایک بڑی تعداد نے بی ایم جی امیدواروں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا نے سائٹ کے صنعتکاروں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سائٹ ایریا کے صنعتکاروں نے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کراچی چیمبر کا ساتھ دیا اور ایک مضبوط آواز بننے میں موثر کردار ادا کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر میں بی ایم جی کے کامیاب امیدواروں نے تاجر برادری کی ہمیشہ بلا تفریق خدمت کی اور حکومت کے سامنے مسائل کو نہ صرف اجاگر کیا بلکہ اسے حل کرنے میں ہرممکن کامیاب کوششیں کیں۔انہوں نے کہاکہ خدمات کا یہ سفر کبھی نہیں رکے گا اور بی ایم جی امیدوار کراچی چیمبر کے پلیٹ فارم سے تاجر برادری کی ایک مضبوط آواز بن کر کاروبار و صنعت کی ترقی اور معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست سلیم پاریکھ اور صدر عبدالرحمان فدا نے زبیرموتی والا اور کے سی سی آئی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ کراچی چیمبر میں 26 ستمبر کا دن بی ایم جی کی جیت اور جشن کا دن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی خدمات بی ایم جی کا مقصد ہے اور اس مقصد کی تکمیل میں صنعتکار برادری بی ایم جی کا بھرپور ساتھ دے گی اور انتخابات میں سائٹ ایریا سے 100فیصد ووٹنگ کو یقینی بنائیں گے۔