ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت این سی سی آئی اے کے تمام سرکلز کے ایس ایچ اوز کا زوم پر اہم اجلاس منعقد ہوا
ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے کی زیر صدارت تمام سرکلز کے ایس ایچ اوز کا زوم اجلاس، سائبر کرائم کی روک تھام اور تفتیشی امور بہتر بنانے پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت این سی سی آئی اے کے تمام سرکلز کے ایس ایچ اوز کا زوم پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سائبر کرائم کی روک تھام اور تفتیشی امور بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی، شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات کی گئیں۔این سی سی آئی اے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت این سی سی آئی اے کے تمام سرکلز کے ایس ایچ اوز کا زوم پر ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سائبر کرائم کی روک تھام، شہریوں کی شکایات کے بروقت اور موثر ازالے، زیر التوا مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے اور تفتیشی امور کو مزید جدید اور موثر بنانے سے متعلق حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران تمام سرکلز کے ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے سرکل کی کارکردگی، درپیش مسائل اور جاری تفتیشی مقدمات کے حوالے سے ڈی جی این سی سی آئی اے کو بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی، شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے تفتیش کو میرٹ پر مکمل کیا جائے، سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردی سے پیش آیا جائے، کھلی کچہریوں کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جائے اور این سی سی آئی اے کے عوام دوست امیج کو مزید بہتر بنایا جائے، فرائض میں کسی بھی قسم کی کوتاہی، غفلت اور تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ آخر میں ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ این سی سی آئی اے شہریوں کے جان و مال اور ڈیجیٹل تحفظ کا ضامن ہے، سائبر کرائمز کے خاتمے اور متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوام دوست پولیسنگ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔








