وزارت مذہبی امور کی طرف سے نوٹس لینے کے بعد پرائیویٹ حج بکنگ میں تیزی آ گئی

وزارت مذہبی امور کی طرف سے پرائیویٹ حج سکیم مانیٹرنگ سیکشن کے نوٹس لینے کے بعد پرائیویٹ حج بکنگ میں تیزی آ گئی ہے

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کی طرف سے پرائیویٹ حج سکیم مانیٹرنگ سیکشن کے نوٹس لینے کے بعد پرائیویٹ حج بکنگ میں تیزی آ گئی ہے ۔ درخواستوں کی تعداد 21 ہزار 547 سے تجاوز کر گئی ہے ۔ پرائیویٹ حج سکیم میں 50 ہزار نشستیں تاحال باقی ہیں۔ بدھ کو ترجمان مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ واجبات کی ادائیگی پاک حج ایپ کے ذریعے مکمل کریں، کسی فرد یا کمپنی کو براہ راست ادائیگی کی ممانعت ہے۔

حج پورٹل کے ذریعے مجاز کمپنیوں کے اکائونٹس میں قریبا اٹھارہ ارب روپے منتقل کر دیئے گئے ہیں ۔ 45 فیصد رقوم ڈیجیٹل ذرائع جبکہ 55 فیصد مینوئل بینک چالان کے ذریعے جمع ہوئیں۔حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم میں داخلے کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر ہے ۔حج پورٹل پر 25 مجاز کمپنیوں کے 2 ہزار سے زائد حج پیکیج دستیاب ہیں۔پرائیویٹ عازمین حج کسی شکایت کی صورت میں حج پورٹل کی انکوائری آپشن پر رپورٹ کریں۔