سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے وزیراعظم خصوصی فیول ریلیف سکیم کے مؤثر نفاذ اور اہل شہریوں تک ریلیف کی یقینی رسائی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے عوامی آگاہی اور سہولت کاری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے
حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس، وزیراعظم خصوصی فیول ریلیف سکیم کے مؤثر نفاذ اور اہل شہریوں تک ریلیف کی یقینی رسائی اولین ترجیح قرار

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے وزیراعظم خصوصی فیول ریلیف سکیم کے مؤثر نفاذ اور اہل شہریوں تک ریلیف کی یقینی رسائی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے عوامی آگاہی اور سہولت کاری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔وہ بدھ کو وزیراعظم خصوصی فیول ریلیف سکیم کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ملک بھر سے مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکیم کے نفاذ، عوام تک اس کی رسائی بڑھانے اور مستحق افراد کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو کم آمدنی والے طبقات کے لئے جاری خصوصی فیول ریلیف سکیم کے مکمل ڈیجیٹل نظام، پٹرول پمپس پر رجسٹریشن، ڈیجیٹل طریقہ کار اور عملی مسائل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں مستحق افراد تک سکیم سے متعلق معلومات پہنچانے اور انہیں اس سے مستفید ہونے میں معاونت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کا مؤثر نفاذ اور اہل شہریوں تک ریلیف کی یقینی رسائی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی آگاہی مہم اور سہولت کاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے جبکہ حکومتی اداروں، پٹرول پمپس اور عوامی نمائندوں کے مابین روابط کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ سکیم کے ثمرات مستحق شہریوں تک مؤثر انداز میں پہنچ سکیں۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عوامی نمائندے پٹرول سبسڈی کا فائدہ اہل شہریوں تک پہنچانے میں فعال کردار ادا کریں۔ اجلاس کے دوران اراکین قومی اسمبلی اور دیگر شرکاء نے اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل اور تجاویز بھی اجلاس کے سامنے پیش کیں۔








