وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ضلع کوئٹہ کے علاقے شابان میں آپریشن میں 13 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ضلع کوئٹہ کے علاقے شابان میں آپریشن میں 13 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
نیویارک۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شابان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃالہندوستان کے 13 دہشت گرد ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مزید 6 دہشت گردوں کی ہلاکت ہماری سکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے شہید صوبیدار محمد جمیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید صوبیدار محمد جمیل کی قربانی قوم کے لئے باعثِ فخر ہے۔ وزیراعظم نے شہید صوبیدار محمد جمیل کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔







