سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کا کیک کاٹا۔ بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پراسپیکر ایاز صادق نے سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد دی اور سعودی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب ترقی کر رہا ہے۔سعودی عرب کی غیر معمولی ترقی سعودی عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ مذہب اور تاریخی روابط پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاکستان اور سعودی عرب ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

پاک سعودی پارلیمانی روابط باہمی تعاون اور مفاہمت کے فروغ میں اہم ہیں۔ پاکستان کی پارلیمان اور سعودی مجلس شوریٰ کے روابط قابلِ تحسین ہیں۔ پارلیمانی روابط پاک سعودی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا ذریعہ ہیں۔ پاک سعودی دوستی خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی ہمارے لیے انتہائی مقدم ہے۔سعودی عرب کے ساتھ پوری دنیا میں بسے والے مسلمانوں مذہبی جذبات رکھتے ہیں۔پاکستان کی پارلیمان اور عوام سعودی عرب کے ساتھ عقیدت اور احترام رکھتے ہیں۔ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کا مکہ دفاعی معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

مزید خبریں