پی ٹی آئی اداروں کو سیاسی رنگ دینے کا ارادہ رکھتی ہے، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری
پی ٹی آئی اداروں کو سیاسی رنگ دینے کا ارادہ رکھتی ہے، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی صوبائی پولیس قانون میں مجوزہ ترامیم کے ذریعے خیبر پختونخوا میں اداروں پر زیادہ سیاسی کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔بدھ کو ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ مجوزہ قانون سازی سے صوبائی حکومت کو پولیس پر زیادہ اثر و رسوخ حاصل ہوگا، جس میں وزیراعلیٰ کے کہنے پر سیاسی تقرریاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق مجوزہ خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ 2026 سے وزیراعلیٰ کو پولیس کی پالیسی اور اعلیٰ پولیس افسران کی تقرری، تبادلے اور برطرفی کے معاملات میں زیادہ بڑا کردار حاصل ہوگا۔سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ اس طرح کی تبدیلیاں پولیس کے ڈھانچے اور کارکردگی پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کا محکمہ ملک کے اہم ترین عوامی اداروں میں سے ہے۔پی ٹی آئی سے سیاسی بات چیت کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے متعدد مرتبہ مذاکرات میں شامل ہونے سے گریز کیا ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پارٹی کو قانونی اور سیاسی معاملات سڑکوں پر مظاہروں کے بجائے متعلقہ آئینی اور قانونی فورمز کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔
دریں اثنا، پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کے مجوزہ لانگ مارچ کا مقصد اپنے آئینی اور قانونی حقوق حقوق کا حصول ہے ۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بدھ کے روز کہا کہ پرامن احتجاج ایک آئینی اور قانونی حق ہے۔






