وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے یہاں ملاقات کی۔وزیرامور کشمیر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد آمد پر وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ملاقات کے دوران انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کو گلدستہ پیش کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی ون آن ون ملاقات

مزید خبریں
مظفرآباد۔24ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے یہاں ملاقات کی۔وزیرامور کشمیر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد آمد پر وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ملاقات کے دوران انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کو گلدستہ پیش کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی سرگرمیوں، عوامی فلاح و بہبود اور خطے کی موجودہ ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر کی نئی حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت خطے کی ترقیاتی ترجیحات کے حصول اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومتِ آزاد کشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے وفاقی وزیر کی آمد اور منصب سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کو سراہا۔ملاقات میں وفاقی حکومت اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے درمیان مختلف امور پر رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔








