پاکستان ایک ذمہ دار بحری ملک کی حیثیت سے بحری سلامتی و تحفظ، ماحولیاتی پائیداری اور پیشہ ورانہ استعداد کار کی بہتری کا خواہاں ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کاعالمی یوم بحری امور پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار بحری ملک کی حیثیت سے بحری سلامتی و تحفظ، ماحولیاتی پائیداری اور پیشہ ورانہ استعداد کار کی بہتری کا خواہاں ہے تاکہ عالمی معیار کے ایک مضبوط، جدید اور مسابقت کی صلاحیت رکھنے والے بحری شعبے کی منزل حاصل ہو سکے،حکومت کا پختہ عزم ہے کہ ملکی بحری صلاحیتوں کو پائیدار معاشی و قومی ترقی و خوشحالی میں …

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار بحری ملک کی حیثیت سے بحری سلامتی و تحفظ، ماحولیاتی پائیداری اور پیشہ ورانہ استعداد کار کی بہتری کا خواہاں ہے تاکہ عالمی معیار کے ایک مضبوط، جدید اور مسابقت کی صلاحیت رکھنے والے بحری شعبے کی منزل حاصل ہو سکے،حکومت کا پختہ عزم ہے کہ ملکی بحری صلاحیتوں کو پائیدار معاشی و قومی ترقی و خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے عالمی یوم بحری امور پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج عالمی یوم بحری امور کے موقع پر پاکستان محفوظ، فعال پرامن اور ماحول دوست بحری نقل و حمل کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بحری ذرائع پاکستان کی تجارتی نقل و حمل ، علاقائی و عالمی دفاعی روابط اور بلیو اکانومی سے جڑی معاشی سرگرمیوں کا محور ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ اس سال یہ عالمی دن ’’پالیسی سے عملی اقدامات تک: بحری شعبے میں اعلیٰ معیار کی کارکردگی کا فروغ‘‘ کے زیر عنوان منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سمت میں موثر انداز میں کام کر رہا ہے، ہماری ترجیح ہے کہ بین الاقوامی بحری معیارات اور بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے کنونشنز کو قومی بحری صنعت میں میں نافذ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بحری ذرائع کی ترقی و مہارت پاکستان وژن 2047 کے اہداف کے حصول کے لیے بھی ناگزیر ہے،پاکستان بحری تحفظ و سلامتی اور دیگر خدمات پر مامور افرادی قوت کی پیشہ ورانہ اہلیت میں بہتری، معیاری بحری تعلیم و تربیت، مستند سرٹیفکیشن کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحول دوست بحری نقل و حمل، کاربن کے اخراج میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے،اقوام عالم کو مشترکہ خوشحال مستقبل کے لیے متبادل بحری ایندھن، جدید ٹیکنالوجیز کی شمولیت، توانائی کے ذمہ درانہ استعمال اور بحری آلودگی کی روک تھام پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ قومی سطح پربحری نظام کی ڈیجیٹل منتقلی کے لیے سمارٹ شپنگ، مربوط بندرگاہی نظام، مصنوعی ذہانت اور پیش گوئی پر مبنی ٹیکنالوجیز اور سائبر سکیورٹی کی مضبوطی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار بحری ملک کی حیثیت سے بحری سلامتی و تحفظ، ماحولیاتی پائیداری اور پیشہ ورانہ استعداد کار کی بہتری کا خواہاں ہے تاکہ عالمی معیار کی ایک مضبوط، جدید اور مسابقت کی صلاحیت رکھنے والے بحری شعبے کی منزل حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم پختہ ہے کہ ملکی بحری صلاحیتوں کو پائیدار معاشی و قومی ترقی و خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے۔