ممتاز حریت رہنما اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین الطاف حسین وانی نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو کشمیریوں کے جائز مقصد کی جرات مندانہ حمایت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
الطاف حسین وانی کا عالمی سطح پر کشمیر کاز کی جراتمندانہ حمایت پرترک صدر کو خراج تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):ممتاز حریت رہنما اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین الطاف حسین وانی نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو کشمیریوں کے جائز مقصد کی جرات مندانہ حمایت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یہاں جاری بیان میں حریت رہنما الطاف حسین وانی نے کہا کہ ترک صدر نے ہمیشہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اصولوں کے مطابق دنیا کے تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
کشمیر کے حق خودارادیت کی جاری جدوجہد کے لیے ترکیہ کی مسلسل حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ ان سرکردہ ممالک میں شامل ہے جنہوں نے مسلم دنیا کو درپیش اہم مسائل پر واضح اور دوٹوک موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہو یا فلسطین، ترکیہ نے کبھی بھی حقائق کو حقائق کہنے سے گریز نہیں کیا اور غیر ملکی قبضے کی مذمت کی ہے۔
ترک صدر کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کو مذاکرات اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے حل کرنے کی ترک صدر کی اپیل خطے اور اس سے آگے مستقل امن کی راہ ہموار کرتی ہے۔







