پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ممالک منتقلی میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔
غیر ملکی سرمایہ کاری پر منافع کی بیرون ملک منتقلی میں جاری مالی سال کے دوران 13 فیصد کمی ہوئی،سٹیٹ بینک

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ممالک منتقلی میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی اور اگست 2026 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں مجموعی طور پر 558 ملین ڈالر زرمبادلہ بیرون ملک منتقل کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 644 ملین ڈالر بیرون ملک منتقل کیے گئے تھے۔
اگست 2026 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 296 ملین ڈالر بیرون ملک منتقل کیے گئے جو جولائی 2026 میں منتقل کیے گئے 261 ملین ڈالر کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ جبکہ گزشتہ سال اگست میں منتقل کیے گئے 359 ملین ڈالر کے مقابلے میں 43 فیصد کم ہیں۔شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران مالیاتی کاروبار کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں نے منافع کی مد میں 128 ملین ڈالر، مواصلات کے شعبے میں 87 ملین ڈالر، بجلی کے شعبے میں 113 ملین ڈالر، خوراک کے شعبے میں 31 ملین ڈالر جبکہ دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں نے 199 ملین ڈالر کا زرمبادلہ بیرون ملک منتقل کیا۔
مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ہالینڈ کی سرمایہ کار کمپنیوں نے 107 ملین ڈالر، برطانیہ کی کمپنیوں نے 103 ملین ڈالر، چین کی کمپنیوں نے 61 ملین ڈالر اور امریکا کی کمپنیوں نے 52 ملین ڈالر کا زرمبادلہ منافع کی مد میں اپنے متعلقہ ممالک کو منتقل کیا، دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی سرمایہ کار کمپنیوں نے مجموعی طور پر 34 ملین ڈالر اپنے ممالک منتقل کیے۔








