مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کا دورہ

وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئین ریاست کے اندر مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے اختیارات کی تقسیم کا اصول وضع کرتا ہے جبکہ پارلیمانی نگرانی اور اداروں کے درمیان اختیارات کا توازن جمہوری نظام کا اہم حصہ ہے۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق وہ جمعرات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کے دورے کے موقع پر مالدیپ کے پارلیمانی وفد …

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئین ریاست کے اندر مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے اختیارات کی تقسیم کا اصول وضع کرتا ہے جبکہ پارلیمانی نگرانی اور اداروں کے درمیان اختیارات کا توازن جمہوری نظام کا اہم حصہ ہے۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق وہ جمعرات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کے دورے کے موقع پر مالدیپ کے پارلیمانی وفد سے خطاب کر رہے تھے۔

مالدیپ کے وفد کے دورے کے دوران پارلیمانی تجربات اور معلومات کے تبادلے کے پروگرام کے تحت خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔وفاقی وزیر قانون نے مالدیپ کے پارلیمانی وفد کو پاکستان کے پارلیمانی نظام کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی کارروائی، قانون سازی کے مختلف مراحل اور قائمہ کمیٹیوں کے کردار سے وفد کو آگاہ کیا۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کا آئینی نظام ریاستی اداروں کے درمیان اختیارات کی تقسیم اور توازن کے اصول پر قائم ہے۔

انہوں نے پارلیمانی نگرانی کی اہمیت اور قانون سازی کے عمل میں پارلیمانی کمیٹیوں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر قانون نے مالدیپ کے وفد کو پاکستان کوڈ ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے آئین اور قوانین تک رسائی حاصل کرنے کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کوڈ وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے آئین سمیت ملک کے قوانین تک آسان رسائی کے لیے تیار کردہ پلیٹ فارم ہے۔

مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے پاکستان کے پارلیمانی اور قانون سازی کے طریقۂ کار میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ فریقین نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی تجربات اور معلومات کے تبادلے کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔