پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 17.93 فیصد اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان اورپی بی ایس کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان اور چین کے درمیان مجموعی دوطرفہ تجارتی حجم 4.192 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 3.554 ارب ڈالر کے مقابلے میں 637.28 ملین ڈالر یا 17.93 فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں چین کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 397.75 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 354.47 ملین ڈالر کے مقابلے میں 21.21 فیصد زیادہ ہے۔ اس طرح چین کو پاکستانی برآمدات میں 43.28 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔اگست میں چین کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 181.40 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی میں 216.34 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اگست میں 154.82 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2026 کے دوران چین کو برآمدات سے ملک کو مجموعی طور پر 2.684 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
دوسری جانب جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں چین سے درآمدات پر 3.794 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 3.20 ارب ڈالر کے مقابلے میں 18.58 فیصد زیادہ ہے۔ اس عرصے کے دوران چین سے درآمدات میں تقریباً 594 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔اعدادوشمار کے مطابق اگست میں چین سے درآمدات کا حجم 1.692 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی میں 2.102 ارب ڈالر اور گزشتہ سال اگست میں 1.504 ارب ڈالر تھا۔ مالی سال 2026 کے دوران چین سے درآمدات پر مجموعی طور پر 19.538 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں چین کے ساتھ پاکستان کی مجموعی تجارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں برآمدات اور درآمدات دونوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اضافہ ہواہے۔ \395








